کون سے ہجّے، “کاکازئی”، “ککازئی”، “ککےزئی” یا “ککی زئی”، تاریخی اور معنوی اعتبار سے درُست ہیں؟

!خیبر پختونخواہ  سے باہر رہنے والے بھائیوں اور بہنوں کی راہنمائی  کے لیے

کاکازئی، بُنیادی اور نسلی اعتبار سے پشتون ہیں۔ چُونکہ پشتونوں ، پختونوں یا پٹھانوں کی اصل زبان پشتو ہے، اور کاکازئی بھی پشتو زُبان کے الفاظ ہیں تویہ معلوم کرنا انتہائی منطقی ہوگاکہ “کاکازئی”، “ککا زئی”، “ککےزئی” یا “ککی زئی” کا پشتو میں مطلب یا معانی کیا ہیں۔ لیکن اس سے پہلے ہمیں اس بات کو جاننا ہوگا کہ ہم “کاکازئی” استعمال ہی کیوں کرتے ہیں۔ تو اس کے لیے ہمیں کاکازئی کا شجرہ دیکھنا ہوگا۔

ماموند یا مموند (محمود):  کاکازئی پختونوں کےوالدِ محترم کا نام محمود تھا جو کہ ‘ماموند’ یا ‘مموند’ کے نام سے بھی مشہورتھے (ان کا مزار ِاقدس موضع داگ، تحصیل ماموند، باجوڑ ، میں آج بھی موجود ہے) کے دو بیٹے تھے۔ بڑے کی اولاد کو “کاکازئی” اور چھوٹے کی اولاد کی “ووڑ” یا “واڑہ”کہا جاتاہے۔

کاکا یا ککا:‘کاکا’ یا ‘ککا’ پشتو میں عزّت و اِحترام کا لفظ ہے جو کہ بڑے (مثلاً بڑا بھائی، بڑا بیٹا وغیرہ )کےلیے استعمال ہوتا ہے۔

ووڑ، وڑہ یا واڑہ:  ‘ووڑ’ ، ‘وڑہ’یا ‘واڑہ’پشتو میں چھوٹے (مثلاً چھوٹا بھائی، چھوٹا بیٹا وغیرہ )کےلیے استعمال ہوتا ہے۔

زَئی(پشتومیں’ زي’) : ‘زوئی’ کے پشتو میں لفظی معنی ‘بیٹا’ اور ‘زَئی'(پشتومیں” زي”) کا “نسل” یا “اَولاد”ہے۔ پشتو میں ‘ئی’کا تلفّظ ‘ی’ہے، یعنی ‘زَئی’کو ‘زِی'(زي) بولا جاتا ہے۔

یعنی محمود (ماموند یا مموند) کے دو بیٹے تھے: بڑے بیٹے کو احترام کے ساتھ کاکا یا ککا (بڑا بیٹا) اور اس کی نسل یا اولاد کو “کاکازئی” (بڑے  کی نسل یا اولاد یا بڑے بیٹے کی نسل یا اولاد) اور چھوٹے کوپیار سے ووڑ ، وڑ یا واڑہ (چھوٹا بیٹا) اور اس کی نسل یا اولاد کو صرف “ووڑ” یا “ووڑزئی” (چھوٹے کی نسل یا اولاد یا چھوٹے بیٹے کی نسل یا اولاد) پُکارا جاتا ہے۔

اسی مُناسبت سے “کاکازئی” کو “لوئی” یا “لوئے” ماموند بھی پکارا جاتا ہے۔ اور ووڑ ، وڑ یا واڑہ کو “وڑہ” یا “واڑہ ماموند” بھی پکارا جاتا ہے۔

لوئی یا لوئے: ‘لوئی’ یا ‘لوئے'(پشتو میں” لوی” )بھی پشتو میں بڑے کےلیے استعمال ہوتاہے۔

لوئی ماموند اور وڑہ یا واڑہ ماموندکے معانی: لوی /لوئےیا لوئی ماموند یعنی “بڑا ماموند” یا بڑے ماموند (محمود) کی نسل یا اَولاد۔
وڑہ یا واڑہ ماموند یعنی “چھوٹا ماموند” یاچھوٹے ماموند (محمود) کی نسل یا اَولاد ۔

یاد رہے کہ باجوڑ میں نہ صرف ماموند کی قبر موجود ہے بلکہ وہاں ایک علاقے کا نام، ماموند، بھی ہے، اور اسی علاقے کی 2 تحصیلیں ہیں، جن میں ایک کا نام تحصیل لوئی ماموند ہے، اور دوسری  کا نام تحصیل واڑہ ماموند ہے۔

  جیسا کہ اب تک واضع ہوگیا ہوگا کہ یہاں “کاکا” سے مُراد کوئی شخص یا کسی شخص کا نام نہیں بلکہ بڑا بیٹا مراد ہے۔

اب دیکھتے ہیں کہ ‘ککے’ اور ‘ککی’ کے پشتو میں کیا معانی ہیں؟

ککے: ‘ککے’ ایک متروک لفظ یا نام ہے، جو کہ ماضی میں پختون اپنے بیٹےکو دیا کرتے تھے۔ آج کے دور میں شاید ہی کوئی پختون اپنے بیٹے کو یہ نام دیتا ہو۔ شا ید خیبرپختونخواہ اور افغانستان کے کسی دُور دراز علاقے میں لوگ اس نام کو آج بھی استعمال کرتے ہوں لیکن کم از کم شہروں میں رہنے والے پختون یہ نام آجکل استعمال نہیں کرتے۔

ککی:‘ککی’ ، پشتو میں ایک نوزائیدہ بچّے یا بچّی کو کہتے ہیں۔

المختصر، یہاں “ککے” بطور بیٹے یاکسی شخص کا نام نہیں ہے اور نہ ہی “ککی” ہے، کہ پشتو میں اس کا مطلب، نوزائیدہ بچّہ یا بچّی ہے۔ اس لیے اصل میں لفظ ‘ کاکا ‘یا ‘ککا ‘ہے۔ چونکہ “ککا” کوبولنے میں بھی”کاکا” کی ہی طرح ادا کیا جاتا ہے اور بزرگ پشتون ،اُردو اور انگریزی تاریخ دانوں نے اپنی تاریخی کتابوں، حیاتِ افغانی، صولتِ افغانی وغیرہ میں، کاکا زئی یا ککا زئی (کاکازئی) ہی استعمال کیا ہے، اور یہی خیبر پختونخواہ اور باجوڑ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، اس لیے کاکازئی  (بڑے  کی نسل یا اولاد یا بڑے  بیٹے کی نسل یا اولاد) لکھنا زیادہ موزوں، منطقی، صحیح اور درُست ہے۔